سنبھل:اترپردیش کے ضلع سنبھل سے سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمان شفیق الرحمٰن برق نے یوگی کی قیادت والی ریاستی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جمہوری ملک بھارت کے قانون میں کہاں بلڈوزر کارروائی کا ذکر ہے۔ یوگی حکومت میں بلڈوزر کارروائی سوائے سیاسی انتقام کے اور کچھ بھی نہیں ہے۔ رکن پارلیمان شفیق الرحمن برق نے ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کرتے ہوئے اترپردیش حکومت سے سخت لہجے میں سوال کیا کہ کیا آپ پوری دنیا کو بلڈوزر سے تباہ کر دیں گے، جب آپ اس عہدے پر نہیں رہیں گے تو پھر آپ کے خلاف اسی طرح انداز میں کارروائی کی جائے گی۔ حکومت کو بھارت کے قانون کے مطابق کام کرنا چاہیے لیکن وہ عوام کے گھروں پر بلڈوزر چلا کر کیا ثابت کرنا چاہتی ہے؟۔
رکن پارلیمان ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے مزید کہا کہ جب ملک میں قانون ہے تو اس کے مطابق کارروائی ہونی چاہیے تھی۔قصوروار لوگوں کے خلاف کارروائی ہونی تھی۔جس کے خلاف الزام ثابت ہوگا وہ جیل جائے گا اور جو بے قصوروار ہوگا اسے ضمانت ملے گی لیکن یہاں تو بی جے پی اپنی مرضی سے کارروائی کر رہی ہے۔