نئی دہلی: مرکزی خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر اسمرتی ایرانی نے ہفتہ کو کہا کہ بہتر مستقبل کے لیے کسی بھی تبادلہ خیال اور فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کا مرکز میں ہونا ضروری ہے۔
آج آگرہ میں خواتین کو بااختیار بنانے کے جی-20 کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے محترمہ ایرانی نے کہا کہ ہندوستان کی جی-20 کی صدارت تاریخ میں ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہندوستان سب کی بھلائی کے لیے عملی عالمی حل تلاش کرنے میں ایک اہم کردار ادا کرنے کی خواہش رکھتا ہے اور ایسا کرنے میں 'واسودھیو کٹمبکم' کی حقیقی روح کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے خاص طور پر زمینی سطح پر خواتین کی قیادت کی اہمیت اور ہر خاتون کو بینکنگ اور مالیاتی خدمات کی دستیابی کو یقینی بنانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ اس کے علاوہ، انہوں نے قومی تعلیمی پالیسی میں صنفی شمولیت کے ذریعہ ہندوستان میں صنفی انصاف، ہر گھر میں بیت الخلاء کی تعمیر، اور حیض کے حفظان صحت کے پروٹوکول کابھی ذکر کیا۔