پولیس ترجمان کے مطابق پرانے لکھنؤ کے سعادت گنج علاقے میں رہنے والی چھ سالہ بچی اتوار کی دوپہر سے غائب تھی ۔ جب کافی دیر تک بچی گھر نہیں پہنچی تب اس کی تلاش کی گئی لیکن اس کا کوئی پتہ نہیں چل سکا۔ بعد میں اہل خانہ نے سعادت گنج پولیس اسٹیشن میں لڑکی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی۔ بچی کے والد نے اپنے دوست ببلو پر بچی کو غائب کرنے کا شبہ ظاہر کیا۔ اس کے بعد پولیس ٹھاكرگج کےہزارہ باغ میں واقع ببلو کے گھر پہنچی تو ملزم نشے کی حالت میں پایا گیا۔
پولیس نے جب اس سے پوچھ گچھ کی تو وہ کافی دیر تک گمراہ کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ اسی درمیان بچی کے گھروالے دوبارہ ملزم کے گھر پہنچ گئے جہاں ہنگامے کے خدشہ کے پیش نظر پولیس بھی موقع پر پہنچ گئی۔
انہوں نے بتایا کہ اہل خانہ کے دباؤ پر پولیس نے ببلو کے گھر لگا تالا توڑا اور تلاشی لی تو اس کے پلنگ کے نیچے بچی برہنہ حالات میں خون سے لت پت ملی۔ پولیس بچی کو لے کر ٹراما سینٹر گئی جہاں ڈاكٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ بچی کے گلے پر تیز دھار ہتھیار کے نشان تھے۔