اب سے تقریباً آٹھ برس قبل پولیس نے دونوں بہنوں کو میرگنج تحصیل سے بازیاب کیا تھا۔ ضلع عدالت نے اس معاملے میں بریلی کی تحصیل میرگنج علاقے میں رہنے والے چورئی دلپتپور گاؤں کے کلّو عرف نریندر، سرائے خاص کے رئیس، فتح گنج مغربی نئی بستی کے اقبال اور اُس کی اہلیہ گلشن، میرگنج کے شیخو پورہ کے جہاں گیر اور اُس کی اہلیہ کو عمر قید کی سزا سنائی ہے۔
ان سبھی چھ ملزمان پر یہ جرم ثابت ہوا ہے کہ یہ لوگ مغربی بنگال سے بریلی لائی گئی دو سگی نابالغ بہنوں کی اسمگلنگ اور خرید فروخت میں شامل تھے۔
دراصل بریلی پولیس کی 'اینٹی ہیومن ٹریفکنگ یونٹ' اے ایچ ٹی یو نے 6 مئی سنہ 2013ء کو میرگنج پولیس کی مدد سے چورئی دلپت پور گاؤں میں کلّو عرف نریندر کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ اس دوران نریندر کے گھر سے 10 اور 13 برس کی دو سگی نابالغ بہنیں برآمد ہوئیں تھیں۔
اُنہوں نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ دونوں سگی بہنیں ہیں اور اُنہیں بنگال سے خرید کر لایا گیا ہے۔
اُنہوں نے پولیس کو بیان دیتے ہوئے بتایا تھا کہ 2 اپریل سنہ 2013ء کو انگوری عرف سُمن نام کی خاتون ہاوڑا ریلوے اسٹیشن سے کام دلانے کے بہانے سے بریلی لے کر آئی تھی۔ دو دن تک اُس نے جہاں گیر کے گھر میں رکھا اور رئیس کے ذریعے کلّو عرف نریندر کو 26 ہزار روپیہ میں فروخت کر دیا۔