ریاست اتر پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مد نظر سیاسی سرگرمیاں تیز ہونے لگی ہیں۔ تمام سیاسی پارٹیاں انتخابی وعدے اور ریلیاں کررہی ہیں۔ وہیں جوڑ توڑ کی سیاست بھی تیز ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق چھ بی ایس پی اور ایک بی جے پی رکن اسمبلی سماج وادی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔
واضح رہے کہ بی ایس پی کے اراکین اسمبلی اسلم علی، سشما پٹیل، اسلم رائنی، مجتبیٰ صدیقی، ہرگووند بھارگو اور حکیم لال بند نے سماج وادی پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس کے علاوہ بی جے پی ایم ایل اے راکیش راٹھور بھی سماج وادی پارٹی میں شامل ہو گئے ہیں۔
اس موقع پر سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے بھارتیہ جنتا پارٹی پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کا 'میرا پریوار - بی جے پی کا پریوار' کے بجائے اب 'میرا پریوار - بھاگتا پریوار' بن گیا ہے۔ عوام میں شدید غم و غصہ ہے۔ بہت سے لوگ سماج وادی پارٹی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔