علی گڑھ: سرسید اکیڈمی کے اسکالر ڈاکٹر محمد مختار عالم نے سرسید کی کتاب الخطبات احمدیہ سے متعلق بتایا کہ سرسید کی کتاب الخطبات احمدیہ عالم اسلام اور آخری نبی کی سیرت پر مشتمل ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ خطبات احمدیہ کو عالمی شہرت حاصل ہے۔ سرسید نے اس کتاب کو تحریر کرنے کا بیڑا اس لئے اٹھایا کہ مشہور مستشرق ولیم میور نے 1861 میں چار ضخیم جلدوں میں 'دی لائف آف محمد' کے نام سے کتاب لکھی تھی۔ اس کتاب میں ویلیم میور نے اسلام اور پیغمبر اسلام کے بارے میں نہایت تعصبانہ اور بے سروپا باتیں لکھی تھیں۔
انہوں نے کہاکہ سرسید احمد نے ویلیم میور کی کتاب 'دی لائف آف محمد' کا جواب سیرت احمد یہ کے نام سے نهایت استدلال اور استشہاد کے ساتھ برطانیہ کی سرزمین پر وہیں لکھا جہاں میور نے اپنی کتاب تحریر کی تھی۔ پھر سرسید نے اپنی تحریر کردہ کتاب کا اردو سے انگریزی میں ترجمہ کرانے کے بعد ویلیم میور کو بطور تحفہ ارسال کرائی تھی جب کہ اس زمانے میں دیگر جید علما موجود تھے لیکن سوائے سرسید کے کسی نے اس کام کو انجام نہیں دیا۔ اس لئے کہا جاسکتا ہے کہ سرسید نے یہ کتاب تحریر کرکے اپنی بہادری کے ثبوت کے ساتھ ساتھ آخری نبی سے بھی اپنی عقیدت کا اظہار کیا ہے۔