میرٹھ: 23جنوری کی تاریخ مجاہد آزادی اور آزاد ہند فوج کے بانی نیتا جی سبھاش چندر بوس کی یوم پیدائش سے منسوب ہے، مہاتما گاندھی، جواہر لال نہرو مولانا آزاد اور دیگر مجاہدین کی طرح سبھاش چندر بوس کا میرٹھ سے خاص تعلق رہا ہے اس لئے ان کی نشانیاں اور کہانیاں آج بھی میرٹھ میں موجود ہیں۔
سنہ 1940 میں سبھاش چندر بوس ملک چھوڑنے سے پہلے میرٹھ آئے تھے اور میرٹھ کے ٹاؤن حال میں لوگوں سے ملاقات کرنے کے ساتھ ساتھ یہاں کے لوگوں کے دلوں میں جنگ آزادی کی لو جلائی تھی۔
میرٹھ ٹاؤن حال اور میوزیم میں نیتا جی اور ان کی آزاد ہند فوج کی کئی نشانیاں اور نایاب تصویریں آج بھی موجود ہیں۔ جو نیتا جی کے میرٹھ دورے کے مقصد کی یادوں کو تازہ کرتی ہیں۔
گاندھی جی کی طرح سبھاش چندر بوش کا مقصد بھی بھارت کو آزاد کرانا تھا، ملک کی آزادی کے لئے گاندھی تحریک اہنسا کے نعرے کے ساتھ شروع ہوئی جبکہ سبھاش کا راستہ ملٹری تحریک کے ذریعہ شروع ہوا۔