پاکستانی حکومت کے خلاف دستخطی مہم
پاکستان میں ہوئے شیعہ مسلمانوں کے 11 افراد کے قتل کے خلاف لکھنؤ کے درگاہ حضرت عباس میں دستخطی مہم چلائی گئی۔ اس دوران نو جنوری کو 'یو این او' میں ایک میمورنڈم بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ریاست اتر پردیش کی دارلحکومت لکھنؤ میں واقع حضرت عباس درگاہ میں پاکستان کے خلاف شیعہ طبقہ کے لوگوں نے آج دستخطی مہم چلائی، جس میں بڑی تعداد میں لوگوں نے حصہ لیا۔
اطلاعات کے مطابق پاکستان میں 11 شیعہ مسلمانوں کا قتل کر دیا گیا ہے جس کے خلاف لکھنؤ کے شیعہ مسلمانوں نے دستخطی مہم چلائی اور پاکستان مردہ باد کے نعرے بلند کئے۔ اس سے پہلے معروف شیعہ عالم دین مولانا کلب جواد اور شیعہ چاند کمیٹی کے صدر مولانا سیف عباس نے بھی پاکستان میں ہوئے ظالمانہ واردات کی سخت مذمت کی۔
وہیں شیعہ حسینی فنڈ کے سیکریٹری حسن مہدی نے کہا کہ 'پاکستان میں شیعہ مسلمان اقلیتی ہیں۔ اس لئے وہاں مسلسل شیعہ مسلمانوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ '9 جنوری کو 'یو این او' کو ایک میمورنڈم بھیجنے فیصلہ لیا گیا ہے تاکہ پاکستان میں شیعہ مسلمانوں کے قتل کو روکا جاسکے۔