اترپردیش کی دارالحکومت لکھنؤ میں دوسرے اضلاع کے مقابلے کورونا مریضوں کی تعداد زیادہ ہے۔ حالات یہ ہیں کہ ایک ساتھ پریوار کے سبھی افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہیں، جنہیں نہ کوئی کھانا دینے والا ہے اور نہ ہی پانی۔
ایسے میں 'شکریہ ویلفیئر سوسائٹی' کووڈ۔ 19 مریضوں کو گھر میں ہی کھانا پانی فراہم کرا رہا ہے تاکہ انہیں کھانے پینے کی پریشانی نہ ہونے پائے۔
ای ٹی وی بھارت سے بات چیت کے دوران 'شکریہ ویلفیئر سوسائٹی' کی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر نیلوفر نے بتایا کہ جن لوگوں کو کورونا ہو چکا ہے اور پریوار کے سبھی افراد اس سے متاثر ہیں۔ ایسے میں ان کے یہاں کوئی بھی کھانا بنانے والا نہیں ہے لہذا ہم ضرورتمندوں کو ان کے گھر میں ہی کھانا اور پانی فراہم کرا رہے ہیں۔
ڈاکٹر نیلوفر نے بتایا کہ کووڈ۔ 19 میں سب سے زیادہ اہم یہ ہے کہ آپ کی غذا بہت اچھی ہونی چاہیے۔ لیکن جس پریوار میں سبھی لوگ کورونا مثبت ہیں، وہ کیسے اچھی غذا لے سکتے ہیں؟ اسی مد نظر ہماری تنظیم ان لوگوں تک پہنچ کر کھانا پانی دے رہی ہے۔