علیگڑھ: ایک صحت مند معاشرے کے لیے صاف پانی بے حد ضروری ہے۔ اسی لیے کہا جاتا ہے پانی سے زندگی نہیں ہے بلکہ پانی ہی زندگی ہے۔ ضلع علیگڑھ تھانہ روراوار علاقے سمیت شاہجمال کے کچھ علاقے ایسے ہیں جہاں کی عوام کو پینے کے لیے صاف پانی دستیاب کرانے میں علیگڑھ میونسپل کارپوریشن ناکام ثابت ہو رہی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں برسوں سے استعمال زیر زمین پانی کی پائپ لائنیں جگہ جگہ سے پھٹ چکی ہیں، جس کے سبب بارش اور سیوریج کا آلودہ پانی پینے کے صاف پانی میں شامل ہو کر اسے آلودہ کر رہا ہے۔
متاثرہ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی پینے سے بچے اور بزرگ بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ علاقے کی پائپ لائن میں پانی آتا ہی نہیں اور اگر کبھی آتا ہے تو وہ آلودہ ہوتا ہے۔ علاقے میں ضرورت مند افراد کو دوسروں سے پانی مانگنا پڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پینے کے پانی کے لئے وارڈ ممبر کے یہاں سمر سیبل لگا ہوا ہے وہی ہمیں پانی دستیاب کرا رہے ہیں، جس سے ہمارا گزارا ہورہا ہے۔ کبھی کبھی وارڈ ممبر ہی میونسپل کارپوریشن سے پینے کے پانی کا ٹینک منگوا لیتے ہیں۔