شاملی: یوپی کے شاملی ضلع کے رہائشی نفیس احمد اور ان کے خاندان کے لیے اس سال کا یوم آزادی بہت اہم ہے کیونکہ نفیس، ان کی اہلیہ اور ان کے ایک بیٹے کو تقریباً ایک سال بعد پاکستان کی قید سے رہائی مل گئی ہے۔ رہائی ملنے کے بعد اب خاندان کے تینوں افراد جلد ہی اپنے گھر پہنچنے والے ہیں۔ پاکستان کی جیل میں بند نفیس احمد، اہلیہ آمنہ اور بیٹے کلیم کو پاکستان نے واہگہ بارڈر پر بھارتی سکیورٹی اداروں کے حوالے کیا تھا جس کے بعد اب تینوں کی واپسی کے لیے ضلع شاملی سے خصوصی ٹیم واہگہ بارڈر روانہ کردی گئی ہے۔
پاکستان پہنچنے اور جیل جانے کی وجہ
درحقیقت شاملی کے محلہ نوکوہ کے رہائشی 70 سالہ نفیس احمد جون 2022 میں اپنی 65 سالہ بیوی آمنہ اور 35 سالہ بیٹے کلیم احمد کے ساتھ اپنے رشتہ داروں سے ملنے پاکستان گئے تھے۔ دریں اثنا، جولائی 2022 میں واپسی کے دوران، تینوں کو پاکستان کے سیکورٹی اداروں نے واہگہ بارڈر پر پستول کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔ تب سے یہ تینوں پاکستان کی جیل میں بند تھے۔ ہفتہ کو موصول ہونے والی جانکاری کے مطابق تینوں کو گذشتہ جمعہ کو پاکستان اتھارٹی نے جیل سے رہا کرنے کے بعد واہگہ اٹاری بارڈر پر بی ایس ایف افسران کے حوالے کر دیا۔