پریاگ راج: 24 اپریل کو چکیہ علاقے کے کربلا میں عتیق احمد کا منہدم کیا گیا دفتر اچانک سرخیوں میں آگیا۔ وہاں عتیق کے دفتر سے خون آلود سفید اسکارف اور برقع ملا۔ اس کے ساتھ زمین سے سیڑھیوں تک خون کے دھبے ملے۔ پولیس کی ایف ایس ایل رپورٹ میں معلوم ہوا کہ یہ انسانی خون تھا۔ اب پولیس کو شاہ رخ نامی اس شخص کا پتہ چلا ہے جس کا خون غلطی سے وہاں بہا تھا۔
پیر کو جب عتیق کے دفتر میں خون پایا گیا تو کئی خدشات پیدا ہو گئے۔ شبہ تھا کہ وہاں کسی کو قتل کیا گیا ہے۔ برقعہ اور اسکارف کی موجودگی کی وجہ سے وہاں خاتون کی موجودگی کی بھی قیاس آرائی کی گئی۔ معاملہ سرخیوں میں آنے کے بعد پریاگ راج پولیس پر اس معمہ کو حل کرنے کا دباؤ بڑھ گیا۔ اس کے بعد پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کو اسکین کرنا شروع کیا اور مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ بھی کی۔ بالآخر پولیس شاہ رخ تک پہنچ گئی۔