مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے مظفرنگر کے زینبیہ گرلز انٹر کالج میں سرو سماجی تنظیم اور مسلم راشٹریہ منچ کے زیر اہتمام اسلام میں تعلیم کی اہمیت پر ایک سمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس سمینار کی صدارت سرو سماجی تنظیم کے صدر منیش چودھری نے کی جب کہ نظامت فیض الرحمن مسلم راشٹریہ منچ نے کی۔ سمینار میں مولانا خالد قاسمی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن مجید میں واضح طور پر بتایا ہے کہ تعلیم کتنی ضروری ہے۔ اللہ نے تعلیم حاصل کرنے کا پیغام دیا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل ہونے والے حکم میں اللہ تعالیٰ نے تعلیم کا واضح حکم دیا۔ مسلمانوں کے لیے یہ سب سے اہم ہے۔ اس کے بغیر ترقی ممکن نہیں ہے۔
سمینار میں تشریف لائے مولانا سید محمد عالم نے کہا کہ قرآن شریف کی پہلی نازل ہونے والی سورت کے پہلے لفظ اقراء کا مفہوم بتاتے ہوئے کہا کہ اقراء کے معنی پڑھنا ہے، اسلام نے تعلیم کو بہت اہمیت دی ہے۔ مولانا عالم نے تعلیم کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی ہے۔اس تعلیمی سمینار میں موجود سماجی کارکن منیش چودھری نے بھی اسلام میں تعلیم کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔