مظفرنگر: ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں سی بی ایس ای اسکول کے اساتذہ نے اعظم گڑھ کے معاملے پر مظاہرہ کیا۔ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے معزز پرنسپل اور اساتذہ کے ساتھ اس قسم کا سلوک برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عظم گڑھ اسکول معاملے میں اسکول کے پرنسپل اور فزیکل ایجوکیشن ٹیچر کی گرفتاری کے خلاف منگل کو مظفر نگر میں سی بی ایس ای اسکولوں کے اساتذہ نے ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔
مظفّر نگر کے جی آئی سی میدان میں جمع اساتذہ مظاہرہ کرتے ہوئے ضلع کلکٹریٹ دفتر پہنچ گئے اور ایک میمورینڈم ضلع انتظامیہ کو پیش کیا انہوں نے پورے واقعہ کی منصفانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر انڈیپنڈنٹ اسکول ایسوسی ایشن کے صدر انیل آریہ نے کہا کہ ہراسانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ اسکول منیجر، پرنسپل اور اساتذہ کی عزت کے تحفظ کے لیے ایسوسی ایشن، ملحقہ اسکول اینڈ سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن اور آزاد اسکول فیڈریشن مظفر نگر نے مشترکہ طور پر اسکولوں میں چھٹی کا اعلان کرنے کے بعد ضلع کلکٹریٹ میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔