نئی دہلی: سپریم کورٹ نے سال 2003 میں شاعرہ مدھومیتا شکلا کے سنسنی خیز قتل کیس میں عمر قید کی سزا بھگت رہے اتر پردیش کے سابق وزیر امرمنی ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ مدھومنی ترپاٹھی کو قیدی کے طور پر ان کے اچھے برتاؤ کی وجہ سے ضمانت دے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے جمعہ کو ان کی رہائی سے متعلق حکومت کے فیصلے پر روک لگانے سے انکار کر دیا، لیکن ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ آٹھ ہفتوں کے اندر اپنا جواب داخل کرے۔
جسٹس انیرودھ بوس اور جسٹس بیلا ایم ترویدی کی بنچ نے مدھومیتا کی بہن ندھی شکلا کی طرف سے دائر درخواست پر یہ حکم سنایا ۔
سپریم کورٹ نے کہا کہ وہ ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ کی رہائی کے معاملے میں فی الحال مداخلت نہیں کرے گا۔ ہاں، اگر وہ درخواست گزار کی دلیل سے متفق ہوتا ہے، تو وہ دونوں مجرموں کو واپس جیل بھیج سکتا ہے۔
اتر پردیش حکومت نے پہلے کہا تھا کہ ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ کو جیل میں "اچھے برتاؤ" کی بنیاد پر رہا کیا جائے گا۔ اس خبر کے بعد محترمہ ندھی شکلا نے ترپاٹھی اور ان کی اہلیہ کی رہائی کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا، جو جون 2007 سے عمر قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ۔