نوئیڈا: ریاست اترپردیش کے شہر نوئیڈا میں خاتون کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ملزم شریکانت تیاگی اور ان کے اہل خانہ کے تئیں سماجوادی پارٹی کے رہنما نے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ سماج وادی پارٹی نے پہلے سریکانت تیاگی کو 'غنڈہ' کہا تھا لیکن اب اس پارٹی کے رہنما شریکانت کے خاندان کے تئیں ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ سماجوادی پارٹی کے رہنما شاہد منظور نے کہا کہ شریکانت تیاگی کے اہل خانہ کو پولیس نے ہراساں کیا ہے، پولیس کو ایسا نہیں کرنا چاہیے۔
سماج وادی پارٹی کے وفد نے شریکانت تیاگی کے اہل خانہ سے ملاقات کی، اس موقع پر کثیر تعداد میں پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے، پولیس نے صرف 9 رہنماؤں کو ہی سوسائٹی کے اندر داخل ہونے کی اجازت دی۔ دوسری جانب جب وفد نے شریکانت کے اہل خانہ سے ملاقات کی تو پارٹی کے اندر سے ہی اس کے خلاف آواز بلند ہونے لگی، نوئیڈا سے پارٹی کے متعدد رہنما پارٹی کے اس وفد کے فیصلے سے نالاں نظر آئے۔