میرٹھ: اترپردیش میں بلدیاتی انتخابات کی تاریخوں کے اعلان کے بعد جہاں مختلف سیاسی جماعتیں اپنے امیدواروں کا انتخاب کرنے میں مشغول ہیں وہیں سماج وادی پارٹی کی جانب سے گزشتہ روز میرٹھ میئر سیٹ کے لیے سیماپردھان کے نام کا اعلان کردیا گیا۔ مغربی اتر پردیش کے ضلع میرٹھ میں میئر کی اہم سیٹ پر سماج وادی پارٹی نے اپنے فائر برانڈ لیڈر اتل پردھان کی بیوی سیما پردھان کا نام منتخب کیا ہے۔
اپنی بے باک زبانی کے لیے جانے جانے والے میرٹھ کی سردھنہ اسمبلی حلقہ سے ایس پی کے رکن اسمبلی اتل پردھان اور ان کی بیوی سیما پردھان نے اپنی رہائش گاہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میئر سیٹ کے لیے جس طرح اکھلیش یادو نے ان کے نام کا اعلان کیا وہ ان کی امیدوں پر پورا اترنے کی کوشش کریں گے۔ اتل پردھان نے کہا کہ میرٹھ میں اگر عوام نے میئر سیٹ پر ان کا انتخاب کیا تو سب سے پہلے شہر میں امن امان کو قائم رکھنے کا کام کریں گے کیونکہ بی جے پی کے لوگ شہر میں منافرت کا ماحول پیدا کر کے ہندو اور مسلمان کے درمیان فاصلہ بنانے کا کام کررہے ہیں وہ اس کو ختم کر کے ہندو مسلم بھائی چارے کو بنانے کا کام کریں گے اس کے علاوہ وہ شہر میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے سو فیصد کام کریں گے۔