ریاست اتر پردیش کے سہارنپور میں پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری آدتیہ یادو نے کہاکہ ریاست کا نوجوان بے روزگار ہے، مہنگائی اور قانون نظم ونسق پر حکومت کا کوئی قابو نہیں ہے، بھائی کو بھائی سے لڑانے کا کام کیا جارہاہے۔ اس لئے اقتدار کی تبدیلی کے لئے پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کے ذریعہ 'سماجک پریورتن یاترا' کی شروعات کی گئی ہے۔ اس یاترا سے اقتدار کی تبدیلی ضرور ہوگی اور اترپردیش کے عوام کو راحت ملے گی۔
پرگتی شیل سماج وادی پارٹی کی یہ یاترا گزشتہ دیر شام دیوبند اور گھلولی چیک پوسٹ ہوتے ہوئے سہارنپور پہنچی، پارٹی کے قومی صدر شیوپال یادو کے بیٹے اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری آدتیہ یادو اس یاترا کی قیادت کررہے تھے، ان کا گھلولی چیک پوسٹ پر کارکنان نے زبردست استقبال کیا۔ اس کے بعد ناگل اور گاگلہیڑی میں بھی استقبال کیا گیا۔
سہارنپور پہنچنے پر سرکٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری آدتیہ یادو نے کہاکہ سماجک پریورتن یاترا 12 اکتوبر کو متھرا سے اترپردیش میں اقتدار کی تبدیلی کے مقصد سے پارٹی کے قومی صدر شیو پال یادو نے شروع کی تھی۔