ریاست اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے ٹپری گاوں میں واقع شراب فیکٹری پر ٹیکس چوری کے معاملے میں تفتیش کرنے کے لئے سپیشل انویسٹیگیشن ٹیم پہنچی۔ ٹیم نے فیکٹری کے سبھی دستاویز چیک کئے۔ بہت سے کاغذات کو ٹیم نے اپنے قبضہ میں لیا ہے۔
ایس آئی ٹی لکھنو کے اے ایس پی دیورنجن ورما کی قیادت میں ٹیم نے جانچ شروع کی۔ اے ایس پی نے بتایا کہ سبھی پہلؤں پر جانچ کی جا رہی ہے۔ جانچ میں جو لوگ نامزد ہیں، ان کے علاوہ جو دوسرے افراد قصوروار ہیں، جلد ہی سبھی کو گرفتار کیا جائے گا۔
ٹیکس چوری معاملہ کی جانچ ایس آئی ٹی نے شروع کی موصولہ اطلاعات کے مطابق فیکٹری میں فرضی بارکوڑ سے شراب کی سپلائی کرکے کروڑوں روپے کی ٹیکس چوری پکڑی گئی تھی۔ جس کے بعد محکمہ آبکاری کے معاون کمشنر کی تحریر پر تھانہ دیہات کوتوالی میں مقدمہ درج کرایا گیا تھا۔
پولیس نے یونٹ ہیڈ سمیت 8 افراد کو گرفتار کرکے جیل بھیج دیا تھا، جبکہ دیگر افراد کی گرفتاری کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ کروڑوں روپے کا کھیل ہونے کی وجہ سے اس معاملہ کی جانچ اب لکھنؤ ایس آئی ٹی ٹیم کو سونپی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیے
مودی کو اب جھوٹ بولنے کی عادت چھوڑ دینی چاہیے: ممتا بنرجی
ٹیم کے انچارج دیو رنجن نے بتایا 'سہارنپور کے ٹپری گاؤں میں شراب کی فیکٹری ہے، یہاں پر ایس ٹی ایف اور محکمہ آبکاری کے ذریعہ چھاپہ ماری کی گئی تھی اور اس میں بہت سی بے ضابطگیاں پکڑی گئی تھی۔ اب اس پورے معاملہ کو ایس آئی ٹی کی ٹیم کے سپرد کر دیا گیا ہے'۔
انہوں نے بتایا 'ہم نے یہاں پر کاغذات کی جانچ کی اور کچھ لوگوں سے تحقیق کی جا رہی ہے۔ بے ضابطگیوں کے سبوت جمع کئے جا رہے ہیں، جوں ہی سبوت ملیں گے، لوگوں کے بیانیات کی بنیاد پر آگے کی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس معاملہ میں ماہرین کی بھی مدد لی جائے گی۔ جو لوگ اس معاملہ میں قصوروار پائے جائیں گے، انہیں بھی گرفتار کیا جائے گا۔