دیوبند: اترپردیش کے ضلع سہارنپور کے ایڈیشنل چیف سکریٹری، نوڈل آفیسر رجنیش دوبے اور ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سمیت دیگر افسران نے آج عالمی شہرت یافتہ اسلامی تعلیمی ادارہ دارالعلوم دیوبند کا دورہ کیا اور مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی و دیگر ذمہ داران سے ملاقات کرکے دارالعلوم دیوبند کی خدمات کی ستائش کی۔
ضلع مجسٹریٹ اکھلیش سنگھ نے دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی اور دیگر ذمہ داران کے ساتھ دارالعلوم دیوبند کے تاریخی لائبریری میں موجود قیمتی اور نایاب کتابوں کو دیکھ کر تعریف کی۔
اس موقع پر مہتمم مفتی ابوالقاسم نعمانی نے افسران کے سامنے دارالعلوم دیوبند کی تاریخ پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ یہ ادارہ 1866 میں قائم ہوا تھا جس نے ملک کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا اور آزادی کے بعد سے یہ ادارہ ملک کی تعمیر و ترقی میں بھی نہایت رول ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یہ خالص مذہبی تعلیمی ادارہ ہے جس نے ہمیشہ امن و امان اور بھائی چارے کا پیغام دیا ہے۔ اس دوران مفتی ابوالقاسم نعمانی نے دارالعلوم کی تاریخ سے متعلق کتابیں بھی افسران کو پیش کیں۔