تاج محل میں ایک بار پھر زعفرانی جھنڈے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ سال 2021 کے پہلے سوموار کو تاج محل کے پاس بھگوا جھنڈا لہرایا گیا ہے۔ ساتھ ہی تاج محل کے مرکزی گنبد کے سامنے شیو چالیسہ کا پاٹھ بھی کیا گیا۔ ہندو جاگرن منچ کے ضلع صدر مشہور ہندو مذہبی رہنما گورو ٹھاکر نے یہاں شیو کی پوجا کی۔ جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔ وائرل ویڈیو میں بہت سارے نوجوان شیو چالیسہ کا پاٹھ کرتے اور بھگوا جھنڈا لہراتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔
تاج محل کے پاس پھر بھگوا جھنڈا لہرایا گیا سی آئی ایس ایف کے سکیورٹی گھیرے اور اے ایس آئی ڈیپارٹمنٹ ملازمین کی تعیناتی کو پامال کرتے ہوئے ہندو مذہبی رہنما پیر کو بھگوا پرچم لے کر تاج محل پہنچے۔
ہندو مذہبی رہنماؤں نے سب سے پہلے تاج محل کے راستے پر شیو چالیسہ کا پاٹھ کیا۔ اس کے بعد کرسی پر بیٹھ کر بھگوا لہرایا۔ جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
اس معاملے کے بعد سی آئی ایس ایف اور اے ایس آئی عہدیداروں میں خلبلی مچ گئی۔ سی آئی ایس ایف نے ہندو مذہبی رہنما اور اس کے ساتھیوں کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی اور بعد میں انہیں رہا کردیا گیا۔
تاج محل میں تحفظ کی خلاف ورزی کا یہ پہلا موقع نہیں ہے۔ گزشتہ پانچ برسوں سے وقتا فوقتا شیو پوجا کی ویڈیوز وائرل ہوتی رہی ہیں۔ کئی بار ہندو تنظیم کے عہدیداروں نے تاج محل کی حفاظت کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تاج محل میں شیو چالیسہ، گنگا جل سے پوجن کرچکے ہیں۔
گزشتہ سال وجئےدشمی کے موقع پر تاج محل میں بھگوا پرچم لہرایا گیا تھا۔ تاج محل کے سخت حفاظتی دعوؤں کی حقیقت وائرل ویڈیو سے بے نقاب ہو رہی ہے۔ اس کی وجہ سے سی آئی ایس ایف پر بھی سوال قائم ہو رہا ہے۔ کیونکہ اس طرح کے واقعات سے تاج محل کو تحفظ فراہم کرنے کے دعوؤں پر سوالیہ نشان لگ رہا ہے۔ اس طرح کے بار بار ہونے والے واقعات سیکیورٹی اداروں کے لئے بھی ایک چیلنج بن رہے ہیں۔
بتادیں کہ کورونا انفیکشن کی وجہ سے تاج محل آنے پر سی آئی ایس ایف کے ذریعہ تلاشی میں احتیاط برتا جارہا ہے۔ اس کا ہی فائدہ ہندو مذہبی رہنماؤں نے اٹھایا۔ تلاشی میں غفلت برتنے کی وجہ سے ہندو جاگرن منچ کے عہدیدار اور کارکن بھگوا لے کر تاج محل کے اندر چلے گئے۔