امبیڈکر پارک سے گاندھی سمادھی تک کی گئی اس دوڑ کے موقع پر ضلع انتظامیہ نے مختلف اسکول، کالجوں کے طلباء و طالبات کو اتحاد و یکجہتی کا پیغام دیا۔ اس موقع پر ضلع کے اعلی افسران کے ساتھ ہی بڑی تعداد میں طلباء و طالبات اور اساتذہ نے بھی شرکت کی۔
سردار پٹیل کے یوم پیدائش پر 'رن فاریونیٹی' کا اہتمام مجاہد آزادی سردار ولبھ بھائی پٹیل کے یوم پیدائش کے موقع پر رامپور کے گاندھی سمادھی پر منعقدہ رن فار یونیٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع انتظامیہ اے کے سنگھ نے کہا کہ 'مجاہد آزادی سردار ولبھ بھائی پٹیل کی پیدائش 31 اکتوبر 1875 کو ریاست گجرات میں ہوئی تھی۔'
انہوں نے کہا کہ 'سردار پٹیل نے ملک کی آزادی کے ساتھ ہی قومی یکجہتی اور آپسی اتحاد کو مضبوط کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اسی مناسبت سے ان کے یوم پیدائش کا اہتمام اتحاد و یکجہتی سے منصوب کرکے کیا جاتا ہے۔'
ایک طرف بلا تفریق مذہب و ملت قومی یکجہتی کا پیغام دینے والے سردار پٹیل کے یوم پیدائش کا رن فار یونیٹی کے نام سے اہتمام کرنا وہیں دوسری طرف سیاست دانوں کی جانب سے اپنے مفاد کے لئے نفرت آمیز باتیں پھیلاکر ملک کی سالمیت اور ترقی میں رکاوٹ بننے جیسے ایک سوال کے جواب میں 'پریورتن دی چینج ' کی نگراں کومل بھارتی کا کہنا ہے کہ وہ مانتی ہیں کہ حکومت کے ایوانوں میں کچھ ایسے لوگ بھی داخل ہو گئے ہیں جو نفرت پھیلاکر ہندو مسلم کے درمیان دوریاں پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، حالانکہ ہمارے ملک میں ہندو مسلم اتحاد صدیوں پرانا ہے۔
رن فار یونیٹی میں شامل پریورتن دی چینج کے سکریٹری ابھنیو توہیا کا کہنا کہ یہ عام بات ہو گئی ہے کہ لوگ اپنے مفاد کے لئے مذہب کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ جبکہ اگر سردار ولبھ بھائی پٹیل کی زندگی کا مطالعہ کیا جائے تو اس سے پتا چلتا ہے کہ سردار پٹیل نے قومی یکجہتی کو قائم رکھنے میں کیا کیا کام کئے۔ ان کی کوششوں کی وجہ سے ہی ان کو 'مرد آہنگ' کا خطاب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور کے ہمارے سیاسی رہنماؤں کے لئے ضروری ہے کہ ان کی زندگی سے ہم سبق حاصل کریں۔