ریاست اترپردیش کے ضلع بریلی میں گاڑیوں کے ای چالان کو نمٹانے کے کام کو آن لائن کرنے کے لیے اسے موبائل نمبر سے منسلک کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تصفیہ مجازی کے معاملے عدالتوں کے ذریعے حل ہوں گے۔
اس پہل کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تمام گاڑیوں کے مالکان کے موبائل نمبر گاڑیوں کے آر سی پر اپڈیٹ کرنا لازمی ہو گیا ہے تاکہ ایک ایس ایم ایس کے ذریعے چالان سمیت تمام عمل کو گاڑی کے مالک تک آسانی سے بھیجا جا سکے۔
گزشتہ 20 جنوری کو ہائی کورٹ الہ آباد میں منعقدہ ایک میٹنگ میں ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔
ان ہدایات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ٹرانسپورٹ کمشنر نے تمام آر ٹی اوز سے کہا ہے کہ وہ گاڑیوں کے مالکان کے موجودہ ایکٹیویٹ موبائل نمبر کو آر سی سے ترجیحی طور پر اپڈیٹ کرائیں۔
بریلی ضلع میں تقریباً سات لاکھ چھوٹی اور بڑی گاڑیوں کی آر سی پر موبائل نمبر اپڈیٹ کئے جائیں گے۔
محکمہ آر ٹی او کے مطابق نئی گاڑیوں کی رجسٹریشن میں گاڑی مالک کو موبائل نمبر شامل کرنا لازمی ہوگا۔
عدالت کی ہدایات کے بعد اعلیٰ افسران کا کہنا ہے کہ ای چالان عمل کو نمٹانے کا کام آن لائن کرنے کی ضرورت ہے۔
ہزاروں کی تعداد میں گاڑیوں کی آر سی ایسی ہیں، جس میں گاڑی مالک کے موبائل نمبر کو اپڈیٹ نہیں کیا گیا ہے۔
جن آر سی پر موبائل نمبر درج ہیں، وہ برسوں پرانے ہیں اور وہ اب سروس میں نہیں ہیں۔
اسی وجہ سے ای چالان عمل کا آن لائن تصفیہ ممکن نہیں ہے۔ کئی مرتبہ ایسا ہوتا ہے کہ جب گاڑی کے مالک کو یہ معلوم نہیں ہوتا ہے کہ اُس کی گاڑی کا چالان ہو چکا ہے۔