روڈ سیفٹی ہفتہ کے تحت انعامات تقسیم - ٹریفک اصولوں کو قائم رکھنے پر زور دیا گیا
ریاست اترپردیش کے شہر رامپور میں روڈ سیفٹی ہفتہ کے تحت مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبا و طالبات کو انعامات سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ایس پی رامپور نے حاضرین سے اپنے خطاب میں ٹریفک اصولوں کو قائم رکھنے پر زور دیا۔
روڈ سیفٹی ہفتہ کے تحت مختلف مقابلوں اور پروگراموں میں حصہ لینے والے طلبا و طالبات کو ان کی بہترین کارکردگی کے لیے اعزازات سے سرفراز کیا گیا۔ روڈ سیفٹی ہفتہ کے تحت رامپور ضلع کے مختلف مقامات پر تقریبات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اسکولوں میں طلبا نے پینٹنگز اور مضامین لکھ کر اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ وہیں اپنے اپنے میدان کے دیگر ماہرین کو روڈ سیفٹی ہفتہ میں تعاون کے لیے انعامات دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ آج اس مہم کے آخری دن بہترین کارکردگی پیش کرنے والے لوگوں کو ہیلمیٹ اور رقومات کے چیک ادا کیے گئے۔