اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے لو جہاد پر سخت قانون بنانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی اس پر قانون بن جائے گا لیکن آج الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے اہم فیصلے میں کہا ہے کہ قانون نے ہر بالغ کو ایک ساتھ رہنے کا حق دیا ہے لہذا کسی کو دخل اندازی کی اجازت نہیں ہے۔
اتر پردیش کے ضلع کوشی نگر کے رہنے والے سلامت انصاری اور پرینکا خروار معاملے کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ 'قانون ایک بالغ مرد عورت کو اپنی شریک حیات بنانے کا حق دیتا ہے۔ کوئی بھی انسان یا اہلخانہ ان کی زندگی میں دخل نہیں دے سکتے۔ یہاں تک کہ ریاست بھی لوگوں کے معاملے کو لے کر اعتراض نہیں کر سکتی۔'
قابل ذکر ہے کہ سلامت اور پرینکا نے پریوار کے خلاف جا کر مسلم رواج کے مطابق 19 اگست 2019 کو شادی کی ۔ اس کے بعد پرینکا عالیہ بن گئی۔ بعد میں لڑکی کے اہلخانہ نے سلامت انصاری کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی، جس میں کہا گیا کہ لڑکی کو بہلا پھسلا کر بھگا لے گیا ہے۔ سلامت انصاری پر 'پاکسو ایکٹ' لگایا گیا تھا۔