ریاست اترپردیش پولیس کے ایس ٹی ایف ذرائع نے بتایا کہ ضلع علی گڑھ میں پولیس تصادم اور ڈکیتی میں شامل اور گذشتہ دو برسوں سے فرار چل رہے 50 ہزار روپے کے انعامی بدمعاش شیکھو میاں عرف کالا کو ایس ٹی ایف کی ٹیم نے شہر مظفر نگر کے کوتوالی علاقے کے سجدو عید گاہ کے نزدیک سے گرفتار کیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انعامی بدمعاش مستقل طور سے سنبھل کا رہنے والا ہے۔ اس وقت وہ علی گڑھ میں دادو علاقے کے دانش پور ڈیرا میں رہ رہا تھا۔
ایس ٹی ایف ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ کچھ دنوں سے مغربی اترپردیش کے انعامی بدمعاشوں کے سرگرم ہوکر مختلف واردات کو انجام دیے جانے کی اطلاعات موصول ہو رہی تھیں۔ آج مخبر سے موصول اطلاع کی بنیاد پر بتائے گئے مقام پر پہنچ کر مطلوبہ بدمعاش شیخو میاں عرف کالا کو گرفتار کر لیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پوچھ گچھ کرنے پر ملزم نے بتایا کہ سنہ 2008 میں علی گڑھ میں پولیس مڈبھیڑ میں میرے والد بھیکا، احسان و سہیل مارے گئے تھے، وہ وہاں سے فرار ہوگیا تھا اور ادھر ادھر چھپ کر رہتا تھا۔
مختلف اضلاع میں اینٹ بھٹوں پر کام کر کے اپنی روزی روٹی کماتا تھا۔ بارش کا موسم ہونے کی وجہ سے بھٹوں پر کام بند ہے، اس لیے مظفر نگر میں ڈیرا ڈال کر رہ رہا تھا۔ پولیس معاملے کی چھان بین کر رہی ہے۔