لکھنؤ: بابری مسجد انہدام کیس کے تمام ملزمین کو بری کرنے والے سی بی آئی کی خصوصی عدالت کے سبکدوش جج سریندر کمار یادو کو اتر پردیش کا نائب لوک آیوکت مقرر کیا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق سبکدوش جج سریندر کمار یادو نے گذشتہ سال بابری مسجد انہدام کیس کی حتمی سماعت کرتے ہوئے بی جے پی کے سینئر رہنما ایل کے اڈوانی، مرلی منوہر جوشی اور اوما بھارتی سمیت 32 ملزمین کو بری کردیا تھا۔
خیال رہے کہ بابری مسجد انہدامی کیس میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 30 ستمبر 2010 کو سبھی 32 ملزمین کو بری کردیا تھا۔ عدالت کا ماننا تھا کہ بابری مسجد اچانک توڑ دی گئی تھی، مسجد کو سوچی سمجھی سازش کے تحت منہدم نہیں کیا گیا تھا۔ سی بی آئی کے خصوصی عدالت کے جج سریندر کمار یادو نے مانا تھا کہ بابری مسجد انہدام کے پیچھے لال کرشن اڈوانی، مرلی منوہر جوشی، ونے کٹیار، اوما بھارتی، اترپردیش کے سابق وزیر اعلی کلیان سنگھ اور دوسرے لوگوں کا کوئی ہاتھ نہیں تھا۔