اردو

urdu

ETV Bharat / state

Remembrance Meeting Janab Ilyas Azmi ممتاز سیاسی رہنما الیاس اعظمی مرحوم کی یاد میں کانفرنس - ممتاز سیاسی رہنما الیاس اعظمی

ممتاز سیاسی رہنما اور مفکر الیاس اعظمی کی یاد میں لکھنؤ کے سہکاریتا بھون میں یادگاری کانفرنس ہوئی۔ سابق ممبر پارلیمنٹ مرحوم الیاس اعظمی کی حیات و خدمات پر مبنی اس کانفرنس میں سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ Remembrance Meeting Held In Memory of Janab Ilyas Azmi

ممتاز سیاسی رہنما الیاس اعظمی مرحوم کی یاد میں کانفرنس
ممتاز سیاسی رہنما الیاس اعظمی مرحوم کی یاد میں کانفرنس

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 28, 2023, 10:09 PM IST

لکھنؤ: ممتاز سیاسی رہنما اور مفکر الیاس اعظمی کی یاد میں لکھنؤ کے سہکاریتا بھون میں یادگاری کانفرنس ہوئی۔ سابق ممبر پارلیمنٹ مرحوم الیاس اعظمی کی حیات و خدمات پر مبنی اس کانفرنس میں سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات شریک ہوئیں۔ سماجوادی پارٹی کے سینیئر لیڈر شیوپال یادو نے اپنے خطاب میں الیاس اعظمی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے الیاس اعظمی مرحوم کی سیاسی زندگی کو مثالی بتایا۔

سماجوادی پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری سوامی پرساد موریہ نے اپنے خطاب میں الیاس اعظمی کی پوری زندگی کو وطن اور اہل وطن کے لئے وقف جد و جہد سے تعبیر کیا۔ انہوں نے محروم طبقات کو با اختیار بنانے کے لئے الیاس اعظمی کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ کانگریس کے سینئر لیڈر نسیم الدین صدیقی نے اپنے خطاب میں کہا کہ الیاس اعظمی کی پوری زندگی ان اصولوں کی لڑائی لڑتے گزر گئی جن کا خواب مجاہدین آزادی نے دیکھا تھا۔ نسیم الدین صدیقی نے الیاس اعظمی کی یادوں کا ذکر کیا اور انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ جونپور کے ممبر پارلیمنٹ شیام سنگھ یادو نے کہا کہ پارلیمنٹ کے رکن تو بہت سے لوگ ہوا کرتے ہیں لیکن الیاس اعظمی دراصل قومی رہنما تھے۔ وہ ایک ایسے رہنما تھے جنہوں نے ملک کے مسائل کے خلاف جد و جہد کی۔ سابق وزیر عبد المنان نے اپنے خطاب میں کہا کہ الیاس اعظمی ان طبقات کی آواز بن کر ظاہر ہوئے جو سیاسی منظر نامے پر بے آواز ہوکر رہ گئے تھے۔ سماجوادی پارٹی کے قومی ترجمان عمیق جامعی نے بٹلہ ہاؤس انکاؤنٹر کے بعد انصاف کے حصول کے لئے الیاس اعظمی کی جد و جہد کو یاد کیا۔

اس موقع پر سینیئر ٹیلی ویژن صحافی ازور صدیقی کی ڈاکیومینٹری کی اسکریننگ بھی ہوئی۔ الیاس اعظمی کی زندگی کے مختلف گوشوں کا تجزیہ کرنے والی یہ فلم بہت پسند کی گئی۔ جلسہ میں الیاس اعظمی مرحوم کی مشہور تصنیف مسلمانوں کی سیاست: زخم اور علاج کے نئے ایڈیشن کی رونمائی بھی ہوئی۔جلسہ میں سابق وزیر اروند سنگھ گوپ، سابق وزیر کے کے گوتم، کانگریس لیڈر طارق صدیقی، سابق ممبر اسمبلی ارشد خان، سابق جج بی ڈی نقوی، سابق ایم ایل اے آصف خان عرف ببو، سماجوادی پارٹی اقلیتی مورچہ کے صدر شکیل ندوی، سابق آئی اے ایس افسر انیس انصاری اور ٹیلے والی مسجد کے امام مولانا فضل المنان سمیت سرکردہ سیاسی اور سماجی شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں: Vice Chancellor of AMU اے ایم یو کے وائس چانسلر کا انتخاب کیسے ہوتا ہے۔۔۔؟

جلسہ میں افتتاحی کلمات الیاس اعظمی مرحوم کے فرزند ڈاکٹر علیم صدیقی نے ادا کئے۔ نظامت کے فرائض پروفیسر قاسم امام، صلاح الدین ایڈوکیٹ اور فاروق سید نے کی۔ کلمات تشکر الیاس اعظمی مرحوم کی بہو نغمہ صدیقی نے ادا کیے۔ الیاس اعظمی مرحوم کے بیٹوں ارشد صدیقی، شکیل صدیقی اور بھتیجے شہباز صدیقی نے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ کانفرنس کے کامیاب انعقاد کے لئے الیاس اعظمی مرحوم کے بیٹے ارشد صدیقی نے سخاوت خاں، ارشد علی اور عادل صدیقی کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details