لکھنؤ:اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے تہواروں کو پرامن طریقے سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تمام مذاہب کے عقیدے کا احترام کرتی ہے، لیکن تہواروں کی آڑ میں انتشار پھیلانے کی کوششوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ جمعرات کو ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے ہولی، چیترا نوراتری، رام نومی شب برات، رمضان، نوروز وغیرہ جیسے تہواروں کے پرامن انعقاد کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے افسران کو ہدایت دی کہ جلوس میں ایسی کوئی سرگرمی نہیں ہونی چاہیے جس سے دوسری برادری کے لوگوں کو مشتعل کردے۔ جلوس کے دوران فحش اور بیہودہ گانے نہ چلائے جائیں۔
انہوں نے افسران کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کسی بھی واقعہ کو ہلکے میں لینے کی غلطی نہ کریں اور فوراً جائے واقع پر پہنچ جائیں۔ تہواروں پر افواہوں سے گریز کرنے کی اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انتظامی افسران مذہبی رہنماؤں اور روشن خیال لوگوں سے بات کرکے تہواروں کے لیے سازگار ماحول پیدا کریں۔ حساس علاقوں میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کی جائے اور پیدل گشت بڑھایا جائے۔ سی ایم یوگی نے کہا کہ اگلے چند دنوں میں ہولی، شب برات، رمضان، نوروز، چیترا نوراتری، رام نومی وغیرہ اہم تہوار منائے جائیں گے۔ کئی مقامات پر جلوس نکالے جائیں گے، میلے وغیرہ کا انعقاد کیا جائے گا۔ جوش و خروش کے اس خصوصی تہوار پر امن و امان کے پیش نظر یہ وقت حساس ہے۔ اس لیے ہمیں ہوشیار رہنا ہوگا۔ پچھلے چھ سالوں میں ریاست میں تمام مذاہب اور فرقوں کے تہواروں کا انعقاد پرامن اور خوشگوار ماحول میں کیا گیا ہے۔ اس سلسلے کو مزید برقرار رکھنا ہوگا۔