تقریباً ایک ماہ قبل بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (بی ڈی اے) نے 'رام گنگا نگر ہاؤسنگ اسکیم' کالونی میں تجاوزات اور غیر قانونی قبضہ ہٹانے کے نام پر'اوگھا شاہ بابا' کے مزار کو بھی مسمار کر دیا تھا۔ اس کے بعد شہر کی تمام مسلم تنظیموں نے بی ڈی اے کی اس کارروائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔ اب بی ڈی اے نے اس مزار کو دوبارہ تعمیر کرنے کی اجازت دے دی ہے لہذا مزار کی دوبارہ تعمیر کی جارہی ہے۔
بریلی ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے شہر میں تمام غیر قانونی قبضہ اور تجاوزات کو ہٹانے کی مہم شروع کی ہے۔ اس کے تحت تمام غیر قانونی قبضہ ہٹائے جا رہے ہیں۔ شہر میں تمام ایسی کالونیز ہیں، جن کے ڈیولپرس نے کالونی کا نقشہ پاس نہیں کرایا ہے اور بغیر کسی نقشہ کے مکان تعمیر کر کے فروخت کررہے ہیں۔ بی ڈی اے نے ایسی تمام کالونیز میں غیر قانونی تعمیر کو بھی مسمار کیا ہے۔ اب تک تقریباً تیس سے زائد مقامات پر کارروائی کی گئی ہے۔
اسی سلسلہ میں بی ڈی اے نے شہر سے دس کلومیٹر دور چند پور بِچپوری گاؤں میں 'رام گنگا نگر ہاؤسنگ اسکیم' نامی ایک کالونی کے لیے زمین حصول کی تھی۔ اب اس کالونی میں مکان اور پلاٹ تیار کرکے فروخت کرنے کی اسکیم چلائی جا رہی ہے۔ اسی وجہ سے بی ڈی اے نے اس کالونی میں بھی تمام غیر قانونی قبضہ ہٹانے کی مہم چلائی تو قدیمی 'اوگھا شاہ بابا' کا مزار بھی مسمار کر دیا۔ اس مزار کو جب مسمار کیا گیا تو مقامی لوگوں نے ہنگامہ کیا۔ اور بی ڈی اے کی ٹیم پر پتھراؤ کیا۔ بی ڈی اے کی ٹیم نے وہاں سے بھاگ کر اپنی جان بچائی تھی۔