گریٹر نوئیڈا:ریاست اتر پردیش کے گریٹر نوئیڈا میں آزاد سماج پارٹی کے قومی صدر چندر شیکھر راون گریٹر نوئیڈا اتھارٹی انتظامیہ کے خلاف جاری دھرنا و مظاہرے میں کسانوں کی حمایت کے لیے پہنچے۔ جس سے پورا ماحول کسانوں کے حق میں ہو گیا۔ کسانوں نے گریٹر نوئیڈا اتھارٹی کے خلاف نعرے لگائے۔ یہاں بڑے ہجوم کو قابو کرنا پولیس کے لیے مشکل ہو گیا تھا۔ اسی دوران چندر شیکھر راون نے جلسۂ عام سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں چندر شیکھر راون نے کہا کہ اگر گریٹر نوئیڈا کے افسران نے 7 دنوں کے اندر جیل میں بند کسانوں کو رہا نہیں کیا تو اتھارٹی کے دفتر کو تالے لگا دیے جائیں گے اور کسی کو یہاں داخل یا باہر جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ کسانوں کے مطالبے کی حمایت کرتے ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ اتر پردیش میں ڈبل انجن والی حکومت ہے۔ اس حکومت نے کسانوں کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کر انہیں جیل بھیجا ہے۔ چندر شیکھر آزاد نے کہا کہ اب کسانوں اور مزدوروں کو ان کے مسائل کا ادراک ہونا شروع ہو گیا ہے اور وہ اپنے حقوق کے لیے متحد ہو کر بیدار ہو رہے ہیں، ساتھ ہی حکومت کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کسانوں کے حقوق انہیں دلوائے جائیں اور جو کسان جیلوں میں بند ہیں، ان کو ان کا حق دیا جائے۔ جلد از جلد غیر مشروط طور پر رہا کیا جائے بصورت دیگر آزاد سماج پارٹی گریٹر نوئیڈا اتھارٹی پر ایک ہفتے کے بعد لاک ڈاؤن لگانے کا کام کرے گی۔