ریاست اُتر پردیش کے ضلع مظفر نگر کے مہاویر چوک پر راشٹریہ لوک دل کے قومی صدر چودھری اجیت سنگھ کی ہدایت پر کسانوں کی حمایت میں لوک دل کارکنوں نے زرعی بل واپس لینے کے مطالبے پر بی جے پی ممبران پارلیمنٹ، وزراء اور ممبران اسمبلی کے گھروں پر سیاہ پرچموں کے ساتھ گھیرنے اور سیاہ پرچموں سے احتجاج کرنے کا اعلان کیا تھا۔
اس بات کو لیکر آر ایل ڈی کے ضلعی صدر کی قیادت میں آر ایل ڈی کارکنان ہاتھوں میں سیاہ جھنڈے لے کر سڑکوں پر نکل آئے۔ لیکن پولیس کی بھاری نفری نے آر ایل ڈی کارکنوں کو سڑک پر آگے بڑھنے سے روک دیا۔ آر ایل ڈی کے اس مظاہرہ میں کارکنوں اور پولیس کے درمیان ہنگامہ آرائی کے درمیان یہ مظاہرہ ختم ہوا، آر ایل ڈی کے ضلعی صدر نے یہ اعلان کیا کہ 13 جنوری کو کسانوں کے احتجاج میں آر ایل ڈی کی حمایت میں دلّی جائیں گے۔
واضح رہے کہ کئی ہفتوں سے جاری کسانوں کی احتجاجی تحریک میں کسانوں اور مرکزی حکومت کے مابین ہونے والے مذاکرات میں ابھی تک کوئی حل نہیں نکلا ہے۔ اس احتجاج میں ریاست کے ہی نہیں بلکہ ہریانہ اور راجستھان کے کسان بھی ہزاروں کی تعداد میں شریک ہیں۔