ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر کے قصبہ بڈھانہ میں راشٹریہ لوک دل کی جانب سے ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس میں راشٹریہ لوک دل کے سربراہ جینت چودھری نے خطاب کیا۔
آئندہ سال 2022 میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر تمام سیاسی پارٹیوں نے اپنے اپنے طریقوں سے تیاریاں شروع کردی ہیں۔ اس سلسلے میں راشٹریہ لوک دل پارٹی نے مظفر نگر کے قصبہ بڈھانہ میں ایک عظیم الشان جلسہ منعقد کیا۔ اس مہا ریلی کا نام آشیرواد پدیاترا رکھا گیا۔ اس اجلاس میں جینت چودھری کو سننے کے لیے ضلع کے لوگوں کا ایک بڑا ہجوم نظر آیا ۔
جینت چودھری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لکھیم پور کے واقعہ کو بھلایا نہیں جاسکتا ہے۔یہ دہشت گرد ہیں، جو کسانوں کو کچلتے ہیں ۔ جن کسانوں نے ہمارے لیے شہادت دی ہے انہیں یاد رکھا جائے گا۔ انتخاب کے وقت چہرے چھپا کر ووٹ مانگنے والوں کو ان شہیدوں کے نام بتاکر لکھیم کا واقعہ یاد دلانا ہے۔ ہمیں لکھیم پور واقعہ کا بدلہ لینا ہے اور یہ بدلہ ریاست کی اقتدار میں تبدیلی اور آر ایل ڈی کی حکومت بنا کر لیا جائے گا۔