ریاست اترپردیش کے شہر سہارنپور و دیوبند علاقہ میں رحمت و برکت کے مہینے ماہ صیام کی آمد کی وجہ سے مسلم معاشرہ میں کافی جوش خروش پایا جارہا ہے اور رمضان المبارک کی دستک سے شہر کے مسلم محلوں کی رونق میں اضافہ ہوتا جارہا ہے تو وہیں رمضان المبارک کے پیش نظر سحر و افطار کی دوکانیں بھی سجنا شروع ہوگئی ہیں اور لوگ سحر و افطار کے لئے عمدہ اشیاءخوردنی کی خریدو فروخت میں مصروف ہیں ۔
حالانکہ اس سال بھی رمضان المبارک کے دوران کورونا وبا کا اثر نمایاں طورپر محسوس کیا جارہا ہے، جہاں گزشتہ برس رمضان کے مہینے میں مکمل لاک ڈاؤن نافذ تھا اور لوگوں نے اپنے گھروں میں ہی عبادات کے فرائض انجام دئیے تھے، وہیں ایک مرتبہ پھر کورونا کے بڑھتے معاملے کے سبب حکومت نے نائٹ کرفیو سمیت کچھ ضرور پابندیاں عائد کردی ہیں، جس کے سبب مسلم طبقہ میں مایوسی کا پایا جانا لازمی ہے۔
حالانکہ کورونا وبا کے باوجود بھی شہر کے مسلم علاقوں میں رحمتوں و برکت کے مقدس مہینے کی فیوض و برکات کی رونقیں نمایاں طور پر نظر آرہی ہیں اور شہر کے دارالعلوم چوک، اسلامیہ بازار، دیوان دروازہ، سرسٹہ بازار، ریتی چوک پٹھانپورہ، بھائیلہ روڈ ،بس اسٹینڈ اور خانقاہ چوک وغیرہ میں روزہ داروں کے لئے خصوصی سحری کی اشیاء سوائیاں، فینیاں، خجلہ اور اسپیشل رمضان بریڈ کے علاوہ مختلف اقسام کی چیزوں سے دوکانیں سج گئی ہیں۔