مظفر نگر: ریاست اترپردیش کے مظفرنگر ضلع کی فاسٹ ٹریک عدالت نے 29 سال پرانے رام پور تیراہا کیس کی سماعت کرتے ہوئے چھپار پولیس اسٹیشن کے اس وقت کے انچارج انسپکٹر کے خلاف الزامات طے کیے ہیں۔ اس وقت کے تھانہ انچارج پر الزام تھا کہ انہوں نے ثبوت مٹانے کے لیے جی ڈی کو پھاڑ دی تھی۔ منگل کو انہیں بیماری کی حالت میں ہی عدالت میں پیش کیا گیا۔ واضح رہے کہ یکم اکتوبر 1994 کو ہزاروں لوگ دہرادون سے گاڑیوں میں سوار ہو کر اتراکھنڈ کی تشکیل کے مطالبے کے لیے دہلی روانہ ہوئے تھے۔ اسی دن شام کے وقت انہیں مظفر نگر کے چھپار پولیس اسٹیشن کے رام پور تیراہے پر بیریکیڈ لگا کر روک دیا گیا۔ رات گئے اس تحریک نے شدید شکل اختیار کر لی، جس میں سات مظاہرین گولی لگنے سے ہلاک ہو گئے۔ الزام لگایا گیا تھا کہ گولی پولیس نے چلائی تھی۔ پولیس پر خواتین کے ساتھ زیادتی کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔ سی بی آئی نے اس معاملے کی جانچ کی تھی۔
Rampur Tiraha Firing Case رامپور تیراہا کیس میں چھپار تھانہ کے سابق ایس او پر فرد جرم عائد - مظفرنگر اردو نیوز
مظفر نگر کی عدالت نے رامپور تیراہا کیس میں چھپار تھانے کے سابق ایس او کے خلاف الزامات طے کردیے ہیں۔ رامپور تیراہا واقعہ میں گولی لگنے سے 7 لوگوں کی موت ہوئی تھی۔
سال 2003 میں اس وقت کے ڈی ایم کو بھی فائرنگ کے معاملے میں نامزد کیا گیا تھا۔ اتراکھنڈ ہائی کورٹ نے ایک پولیس اہلکار کو 7 سال کی سزا سنائی جب کہ دو دیگر پولیس والوں کو دو دو سال کی سزا سنائی۔ اس کے ساتھ ہی 2007 میں اس وقت کے ایس پی کو بھی سی بی آئی کورٹ نے بری کر دیا تھا اور پھر یہ مقدمہ زیر التوا رہا۔ رام پور تیراہا کیس کو کافی عرصہ گزر چکا ہے اور سیاسی طور پر فریقین ایک دوسرے پر الزامات لگاتے رہتے ہیں۔ منگل کو سول جج سینئر ڈویژن فاسٹ ٹریک کورٹ کے جج میانک جیسوال کے سامنے رام پور تیراہا کیس سے متعلق سی بی آئی، راجندر اور سی بی آئی، راجویر سنگھ کے کیس فائل پر سماعت ہوئی۔ اس معاملے میں اس وقت کے تھانہ انچارج راجویر سنگھ کے خلاف دو الگ الگ مقدمات میں الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ راجویر سنگھ پر الزام تھا کہ انہوں نے کیس سے متعلق جی ڈی کو پھاڑ دیا تھا اور ساتھ ہی اس پر جی ڈی میں فرضی اندراج کرنے کا بھی الزام تھا۔ عدالت نے منگل کو راجویر سنگھ کے خلاف الزامات طے کیے ہیں۔