رامپور کے تھانہ گنج علاقے کے تکیہ مبارک شاہ میں ڈونگر پور بجلی گھر کے ملازمین کی ٹیم گذشتہ شب چیکنگ کے لئے پہنچی اور یہاں چیکنگ کے دوران بجلی ملازمین نے کسی بات سے ناراض ہوکر ایک شخص کو ڈنڈے مارکر لہولہان کر دیا۔ ڈنڈے لگنے سے مذکورہ شخص کا سر پھٹ گیا اس واقعہ کے بعد علاقہ میں افراتفری کا ماحول قائم ہو گیا۔
'بجلی چیکنگ ٹیم کی غنڈہ گردی، ڈنڈے مارکر زخمی کیا' - تکیہ مبارک شاہ
ریاست اترپردیش کے ضلع رامپور میں بجلی چیکنگ ٹیم کی جانب سے بجلی صارف کو ڈنڈے سے پیٹکر زخمی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ زخمی نے پولیس اسٹیشن پہنچ کر تحریری شکایت دی اور مقامی لوگوں نے زخمی شخص کو علاج کے لئے ضلع ہسپتال میں داخل کرایا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
اس سلسلہ میں زخمی حمید ولد بلاقی ساکن تکیہ مبارک شاہ نے تھانہ گنج پولیس کو تحریر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ روز تقریباً شب 11 بجے بجلی محکمہ کے لوگ گھر میں گھس آئے، میٹر کا بل دیکھنے کے لئے مانگا مجھے بل کی رسید ڈھونڈنے میں کچھ دیر لگی کیونکہ رسید مل نہیں رہی تھی۔ جس پر محکمہ بجلی کے لوگوں نے پہلے مجھے لاتیں ماریں اور پھر میرے سر میں ڈنڈہ مار دیا۔ جس سے سر میں گہری چوٹ آئی۔
بعد میں زخمی حمید کو ضلع ہسپتال لے جاکر داخل کرایا گیا۔ عام آدمی پارٹی کے صوبائی نائب صدر فیصل خان لالا نے ہسپتال پہنچ کر زخمی حمید کی خیریت دریافت کی اور بجلی محکمہ کے ملازمین پر اپنے غم و غصہ کا اظہار کیا۔