معروف مبلغ عمر گوتم اور مولانا جہانگیر عالم قاسمی کی گرفتاریوں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مفتی ساجد قاسمی نے کہا کہ یہ جو گرفتاریاں ہوئی ہیں یہ اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ہوئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیشہ سے یہ بات دیکھی گئی ہے کہ جب انتخابات نزدیک آتے ہیں تو ہندو۔مسلمان کی تفریق کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو ہراساں کرکے ہندوؤں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوشش کی جاتی ہے۔
عمر گوتم سے متعلق مفتی ساجد قاسمی نے کہا کہ عمر گوتم اور ان کے اہل خانہ نے تو خود ہی اپنی سرگرمیوں سے متعلق بتایا ہے۔
انہوں نےمزید کہا کہ ان مبلغین پر جبرا مسلمان بنانے کے الزامات بے بنیاد ہیں۔ ایمان کا تعلق دل سے ہے اور دل پر جبر نہیں ہو سکتا۔ کیونکہ دل اسی بات کو مانتا ہے جسے وہ اپنے اختیار سے پسند کرتا ہے۔ اس لیے اسلام میں تو کسی کو جبراً مسلمان بنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔