رامپور:عید ملن تقریب میں پہنچے وشو ہندو پریشد کے قومی رہنماء دھننجے پاٹھک نے مسلمانوں سے گلے ملکر ان کو عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے رامپور میں منعقدہ عید ملن تقریب سے متعلق اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رامپور میں ملن تقریب کی کافی پرانی روایت ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صرف دو برس کورونا کی وجہ سے عید ملن تقریب کا انعقاد نہیں کیا جا سکا۔ وی ایچ پی رہنماء نے کہا کہ عید ملن تقریب بہت اچھی کوشش ہے۔ اس کے ذریعے قوم کو ہندو مسلم بھائی چارے کا پیغام چلا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس تقریب کو چاہے کچھ لوگ مشترکہ طور پر انجام دیتے ہیں، لیکن اس کے اچھے نتائج دیکھنے کو ملتے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ آپس میں اگر کوئی گلا شکوہ ہے تو اسے ہم ایسے مواقع پر گلے ملکر دور کر لیتے ہیں۔
وی ایچ پی رہنما دھننجے پاٹھک نے موجودہ مذہبی شوبھا یاتراوں میں مذہب کے نام پر ہڑدنگ بازی اور اشتعال انگیز نعرے لگا کر پرامن فضا میں زہر گھولنے والے عناصر پر اپنے دو ٹوک انداز میں کہا کہ وشو ہندو پریشد یا ہندو سماج اور بھارت کا دیگر سماج کبھی بھی غیر فطری کام نہیں کرتا ہے، بہت امن کے ساتھ رہنا چاہتا ہے۔
ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ سماج میں بگاڑ پیدا کرنے والے بہت کم لوگ ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر سماج میں کوئی ایک شخص سر پھرا ہو جائے تو اس کی وجہ سے پورے سماج کو قصوروار نہیں قرار دیا جا سکتا ہے۔ ملک کے مختلف خطوں میں شر پسند عناصر کی جانب سے مختلف مواقع پر اقلیتوں کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے اور وزیر اعظم نریندر مودی کی مسلسل خاموشی کے سوال پر دھننجے پاٹھک نے وزیر اعظم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان معاملوں میں حکومت یا وزیر اعظم بولیں، اس کی ضرورت نہیں ہے۔