رامپور کانگریس کے لیڈران نے بیل گاڑی پر رسوئی گیس سلینڈر اور موٹر سائیکل رکھ کر بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے مظاہرہ کیا۔
روز بروز رسوئی گیس اور پیٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کے بڑھنے سے عوام کا برا حال ہے لیکن حکومت کی جانب سے مہنگائی کم کرنے کے لیے کوئی خاطر خواہ اقدامات نظر نہیں آ رہے ہیں۔
یہی وجہ ہے کہ رامپور میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے عہدیداران و کارکنان نے سڑکوں پر اترکر مرکز کی مودی حکومت اور ریاست کی یوگی حکومت کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔
کانگریس کارکنان نے بیل گاڑی پر موٹر سائیکل اور رسوئی گیس سلینڈر رکھ گیس کی بڑھتی قیمتوں اور پیٹرول و ڈیزل کے آسمان چھوتے دام کے خلاف نعرے بازی کی۔
اس موقع پر کانگریس کے ضلعی صدر دھرمیندر گپتا نے ای ٹی وی بھارت کو بتایا کہ مسلسل مہنگائی بڑھنے کی وجہ سے عوام کی پریشانیاں بڑھ رہی ہیں اس لیے حکومت مہنگائی کم کرنے کے اقدامات کرے۔
وہیں کانگریس کے شہری صدر مامون شاہ خان نے کہا کہ کانگریس کارکنان مہنگائی کے خلاف پورے ملک میں سڑکوں پر ہیں۔ جب تک حکومت مہنگائی پر کنٹرول نہیں کرتی تب تک کانگریس سڑکوں پر احتجاج کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا کسان گزشتہ 7 ماہ سے دھرنے پر ہے لیکن حکومت ان کے مطالبات ماننے کو تیار نہیں ہے کانگریس کسانوں کے ساتھ ہے۔