ریاست اترپردیش کے رامپور میں اب انتظامیہ ان افراد کے خلاف سخت ہو گیا ہے جو اپنی کھیتی کی زمین سے فصل کے باقیات کو ختم کرنے لئے اس میں آگ لگا دیتے ہیں۔
رامپور: پرالی و کچرا جلانے والوں کے خلاف مقدمات درج وہیں ضلع کے مختلف مقامات پر کچھ عناصر کوڑا کچرے کو نذرآتش کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ ایسے افراد کے خلاف اب سخت کارروائی کرتے ہوئے مقدمے بھی درج کیے جا رہے ہیں۔
حکومت کی سخت پابندیوں کے باوجود بھی فصل کے باقیات جلانے اور کوڑا کچرے کو نذرآتش کرنے کے معاملوں میں کمی ہوتی دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ اسی کے مدنظر انتظامیہ نے اب ایسے افراد کے خلاف سخت ایکشن لینے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔
رامپور ضلع میں اب تک تقریباً 135 افراد کے خلاف مقدمات درج کرکے قانونی کارروائی کی جا چکی ہے۔ مزید ایسے معاملوں کو پکڑنے کے لئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے سیٹیلائٹ کے ذریعہ نظر رکھی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ اترپردیش کے پولیس ڈائریکٹر جنرل ایچ سی اوستھی نے تمام ضلع پولیس سربراہان کو فضائی آلودگی کو روکنے کے لئے سخت ہدایات دی ہیں۔ جس میں گرام سمیتیوں اور گرام پردھانوں کو شامل کرکے فصل جلانے کے خلاف بیداری پھیلانے اور فصل کے باقیات کے مناسب نمٹارے کے لئے ترغیب دی گئی ہے۔