لکھنؤ:ملک کے وزیر دفاع اور لکھنؤ کے رکن پارلیمان راج ناتھ سنگھ جمعہ کی شام لکھنؤ کے دارالعلوم ندوۃ العلماء میں ایک پروگرام میں شرکت کریں گے۔ حال ہی میں حضرت مولانا رابع حسنی ندوی کا انتقال ہوا۔ ذرائع کے مطابق راجناتھ سنگھ اس پروگرام میں نہ صرف مولانا رابع حسنی ندوی کو خراج عقیدت پیش کریں گے بلکہ وہ کامن سول کوڈ پر بھی بات کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ وزیر دفاع بھارت میں مسلمانوں کے حوالے سے حکومت کی جانب سے کی جارہی کوششوں کا بھی ذکر کرسکتے ہیں۔ راجناتھ سنگھ آج سے لکھنؤ کے تین روزہ دورے پر ہیں۔
واضح رہے کہ ملک کے وزیر دفاع راجناتھ سنگھ لکھنؤ سے رکن پارلیمان ہیں اور آج یعنی 16 جون کو اپنے پارلیمانی حلقہ لکھنؤ پہنچیں گے۔ میٹرو پولیٹن صدر مکیش شرما نے بتایا کہ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ تین روزہ دورے پر جمعہ کی شام 4:20 بجے لکھنؤ ایئرپورٹ پہنچیں گے۔ ہوائی اڈے سے براہ راست دارالعلوم ندوۃ العلماء کے لیے روانہ ہوں گے۔ شام 5.00 بجے دارالعلوم ندوۃ العلماء کے پروگرام میں شرکت کریں گے۔ پروگرام کے بعد 5:40 بجے منکمیشور مندر پہنچ کر پوجا کریں گے۔ اس کے بعد شام 6 بجکر 20 منٹ پر اٹل کنونشن سینٹر کے نزدیک چوک میں واقع ہنومان مندر میں بھی درشن اور پوجا کریں گے۔ وہاں سے وہ رہائش گاہ 5-A کالی داس مارگ کے لیے روانہ ہوں گے۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ملک میں ایک بار پھر کامن سول کوڈ پر چرچا ہو رہی ہے۔ نیشنل لاء کمیشن نے اس سلسلے میں تجاویز طلب کی ہیں۔ ایسے میں راج ناتھ سنگھ کا ندوۃ العلماء کا دورہ اہم ہو گیا ہے۔