ایودھیا: سپر اسٹار رجنی کانت اس وقت اتر پردیش کے دورے پر ہیں، اتوار کے روز لکھنؤ میں سماج وادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو سے ملاقات کرنے کے بعد رجنی کانت ایودھیا پہنچ گئے اور ان کے ساتھ ان کی اہلیہ لتھا رجنی کانت بھی ساتھ میں ہیں۔ جہاں انھوں نے رام للا کا درشن کیا اور زیر تعمیر رام مندر کی تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔ سنکٹ موچن سینا کے نگران نیشنل صدر و ہنومان گڑھی کے سینئر پجاری ہیمنت داس نے رجنی کانت کو معروف ہنومان گڑھی مندر میں لے جا کر درشن کروایا۔ پھر وہاں سے رام جنم بھومی پر براجمان رام للا کا درشن و پوجن کر ماتھا بھی ٹیکا۔
شری رام بھومی پر پہنچنے پر رجنی کانت کا استقبال شری رام جنم بھومی مندر تعمیر ٹرسٹ کمیٹی کے رکن وملیندر موہن مشرا، ڈاکٹر انل مشرا، کمشنر گورو دیال، اجودھیا کے آئی جی پروین کمار، وشو ہند پریشد کے ترجمان شردشرما، اجودھیا نگر نگم کے نگر کمشنر وشال سنگھ،ایس پی پنکج پانڈے وغیرہ نے کیا۔ رام للا کے درشن کے بعد رجنی کانت نے کہا کہ بہت سالوں سے ایودھیا آنے کی خواہش تھی اور آج پربھو شری رام کے درشن کے بعد یہ خواہش پوری ہوگئی۔ مندر کی تعمیراتی کام کو دیکھ کر بھی کافی خوشی ہوئی اور اگر پربھو نے چاہا تو مندر کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد دوبارہ درشن کرنے آؤں۔ اس دوران اداکار کو مندر کا فارمیٹ دے کر اور رام نامی لباس پہنا کر ان کی تہینت بھی کی گئی۔