رحمت اللعالمین کے یوم پیدائش کی مناسبت سے دنیا بھر کے مسلمان مختلف سرگرمیاں انجام دیکر اللہ کے آخری رسول حضرت محمدﷺ کی تعلیمات کو عام کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اسی سلسلہ کی کڑی کے طور پر رامپور میں رئیس رامپوری کلیان سنستھان کی جانب سے ضرورت مندوں میں تقسیم کرنے کے لئے پرانے گرم کپڑوں کے اسٹال لگائے گئے۔
اس کے ساتھ رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کے انسانی خدمت کی تعلیمات کے جذبہ سے سرشار ہوکر بلا تفریق مذہب و ملت ایک بیروزگار شخص شیام لال کو چائے خانہ کھول کر دیا گیا۔
رئیس رامپوری کلیان سنستھان کی جانب سے کھولے گئے اس چائے خانہ کا نام 'بیتک چائے پینے کا جھوپڑا' رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کے طور پر پہنچے بی جے پی کے مقامی رہنماء انل وششٹھ نے رئیس رامپوری کی زندگی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ رئیس رامپوری بہت اچھی شخصیت کے مالک تھے۔