لکھنؤ: قبلۂ اول بیت المقدس کی بازیابی اور فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف مجلس علمائے ہند کی جانب سے آصفی مسجد لکھنؤ میں عالمی یوم قدس منایاگیا۔ عالمی یوم قدس کے موقع پر نماز جمعۃ الوداع کے بعد نمازیوں نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف صدائے احتجاج بلند کی۔
نمازیوں نے اقوام متحدہ اور حقوق انسانی کی تنظیموں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ قبلۂ اول پر مسلمانوں کا پہلا حق ہے، ہم اس حق سے دست بردار نہیں ہوسکتے۔ نمازی ایسے بینر ز اور پوسٹر اپنے ہاتھوں میں اٹھائے ہوئے تھے، جن کے ذریعہ اسرائیلی جارحیت اور ظلم و تشدد کو ظاہر کیا گیا تھا۔ مظاہرہ کے آخر میں اسرائیل کا پرچم اور اسرائیلی وزیر اعظم نتین یاہو کی علامتی تصوریر کو نذر آتش کیا گیا۔
اس موقع پر اسرائیل مردہ باد، امریکہ مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ مسئلہ فلسطین عالم اسلام کا مشترکہ مسئلہ ہے، اس لئے اس انتفاضہ کو مسلکوں میں تقسیم نہ کیا جائے۔ ماہ رمضان کے آخری جمعہ کو تمام مسلمانوں کو قبلۂ اول کی بازیابی، فلسطینی مظلوموں کی حمایت اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے مگر ہم دیکھتے ہیں کہ عالم اسلام اس مسئلے پر خاموش تماشائی بنا رہتا ہے۔ بھارت میں بھی مسلمانوں کی طرف سے مشترکہ احتجاج نہیں ہوتا۔ آج کے دن مساجد میں فقط نماز ہوتی ہے مگر امریکہ اور اسرائیل کی بربریت کے خلاف صدائے احتجاج بلند نہیں کی جاتی۔ یہ افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔فلسطین میں کوئی شیعہ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود پوری دنیا کے شیعہ فلسطینی مظلوموں کی حمایت میں سراپا احتجاج رہتے ہیں۔ اس لئے تمام مسلمانوں کو بلا قید مسلک اسرائیلی ناجائز قبضے اور جارحیت کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے۔
مولانا نے کہا کہ تنہا ایران ہے جو عالمی سطح پر اس مسئلے کو اٹھاتا رہاہے۔ آج ایران پر جتنی اقتصادی پابندیاں اور تہذیبی و ثقافتی یلغار ہے۔ اس کی وجہ امریکہ اور اسرائیل کے خلاف اس کی استقامت اور عالم اسلام کے بنیادی مسائل کو اٹھانا ہے۔ مولانانے کہاکہ اسرائیلی فوجوں نے جس طرح مسجد اقصیٰ میں گھس کر نمازیوں پر ظلم کیا، خواتین کو زدوکوب کیا۔ بچوں کومارا، حتیٰ کہ ان کے گلے گھونٹ دئے، یہ ایسا ظلم کا سیلاب ہے، جس میں غاصب اسرائیل اپنے ظلم و ستم کے ساتھ بہہ جائے گا۔ مولانا نے کہاکہ عنقریب اسرائیل نابود ہوجائے گا، جس کی پیش گوئی کی جاچکی ہے کیونکہ مظلوموں کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا۔
مظاہرین کو خطاب کرتے ہوئے نائب امام جمعہ مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہاکہ مسئلہ فلسطین کو جغرافیائی حدود میں قید نہیں کیاجاسکتا بلکہ یہ ایک عالمی مسئلہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ اسرائیل نے دھوکے اور طاقت کےبل پر فلسطینیوں کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کیاہے ۔آج فلسطینی اپنی سرزمین پر ہوتے ہوئے بھی مظلوم ہیں اور اسرائیل مسلسل ان پر ظلم کررہاہے ۔اس ظلم کی عالم اسلام کو مشترکہ طورپر مذمت کرنی چاہیے ۔اگر عالم اسلام اپنے اتحاد کا مظاہرہ کرے تویقیناً قبلہ اول آزاد ہوگا۔مولانانے کہاکہ استعماری طاقتوں کو بے نقاب کرنے کے لئے احتجاج کرنا ضروری ہے ۔ہم اپنے ملک کی سرکار اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطین کی آزادی کے لئے مخلصانہ اور سنجیدہ کوشش کی جائے۔