ریاست اترپردیش کے دیوبند میں واقع عید گاہ میدان میں مسلسل سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاج جاری ہے جہاں بڑی تعداد میں خواتین پہنچ کر اپنا احتجاج درج کرا رہی ہیں۔ گزشتہ روز لوگوں نے موم بتی جلا کا انوکھے طریقے سے احتجاج درج کرایا۔
گزشتہ گیارہ دنوں سے انقلابی نعروں اور ترنگے سے سجے عیدگاہ میدان میں بابا ئے قوم مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر بابا صاحب بھیم راو امبیڈکر کے نام سے گیٹ بنائے گئے ہیں۔
دیوبند کا عیدگاہ میدان اس وقت ایک مکمل تحریک کی شکل اختیار کئے ہوئے ہے جہاں بڑی تعداد میں خواتین پہنچ کر اپنا احتجاج درج کرارہی ہیں وہیں میدان میں بھارت کے نقشہ پر نو سی اے اے، نو این آر سی اور نو این پی آر لکھا گیا ہے، ساتھ ہی دیوبند ستیہ گرہ نام سے ایک بہت بڑا بورڈ بھی لگا یا گیا ہے۔
اس کے علاوہ دھرنا گاہ میں ایک بورڈ ایسا بھی لگایا گیا ہے جو سب کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے اس آدم قد بورڈ پر ہندی اور اردو میں آئین کی تمہید لکھی ہوئی ہے اور اسے خوبصورت انداز میں سجایا گیا ہے ۔
خاص بات یہ ہے کہ یہاں مختلف محلوں سے نوجوان بچے اور بچیاں کینڈل مارچ کرتے ہوئے عیدگاہ پہنچتے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ عیدگاہ میدان میں باقاعدہ درجنوں کینڈل ایک ساتھ جلاکر سی اے اے اور این آر سی کے خلاف نوجوان اپنا احتجاج درج کرا رہے ہیں۔
مظاہرے میں جہاں خواتین بڑی تعداد میں اپنی حاضری درج کرا رہی ہیں وہیں متعدد سیاسی و سماجی تنظیموں سے خواتین کو حمایت بھی مل رہی ہے۔