اس موقع پر اے ایم یو قانون فیکلٹی کے ڈین پروفیسر شکیل احمد صمدانی کو اردو ادب میں گراں قدر خدمات کے اعتراف میں 'علامہ اقبال' اور مسکان انٹر کالج، اسعد پبلک اسکول کے مینیجر کو تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی پر 'مولانا ابوالکلام آزاد تعلیمی ایوارڈ' سے نوازا گیا ہے اور ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ سہیل احمد اور ایک دیگر اردو اخبار کے نمائندے کو اردو صحافتی ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔
اس موقع پر پروفیسر شکیل احمد صمدانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ اقبال بھارت کے ہی نہیں بلکہ دنیا کے عظیم ترین شاعر تھے۔ انہوں نے تعلیم اور اردو زبان کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ہمیں اپنی نسلوں کو بہترین اور اعلیٰ تعلیم سے مزین کرنا ضروری ہے۔ اسی طرح سے اردو زبان کا استعمال کرنا اور اس کی حفاظت کرنا بھی ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
پروفیسر صمدانی نے مزید کہا کہ علامہ اقبال کئی مرتبہ علی گڑھ تشریف لائے اور یہاں پر ان کو پروفیسری بھی دی گئی۔ علامہ اقبال نے سر سید احمد خان کے اوپر بھی نظم لکھی ہے اور نوجوانان علی گڑھ کے اوپر بھی لکھی ہے۔ اس لئے اے ایم یو میں علامہ اقبال کے نام سے چیئر قائم کی جائے گی۔ انشاء اللہ ہم لوگ پوری کوشش کریں گے اور ہمیں امید ہے کہ علامہ اقبال کے نام کی چیئر قائم ہوگی۔
معروف قلمکار ڈاکٹر ایس یو خان نے کہا کہ علامہ اقبال کے یوم پیدائش کے موقع پر عالمی یوم اردو بھارت ہی نہیں بلکہ پوری دنیا میں منایا جاتا ہے۔