اردو

urdu

By

Published : Nov 11, 2022, 7:32 PM IST

ETV Bharat / state

National Education Day بھارت کے تعلیمی نظام کا تصور مولانا آزاد کے بغیر ناممکن، پروفیسر محمد مزمل

مولانا آزاد کے بغیر بھارتی نظام تعلیم کا تصور نہیں کیا جاسکتا، مولانا نے جو نظام تعلیم وضع کیا تھا، تعلیم کے توسط سے جن اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کی تھی اور تعلیمی مالیہ کاری کے لیے جو ضابطے بنائے تھے ان کی افادیت اور اہمیت آج بھی قائم ہے۔ وہیں آزاد ڈے پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر نور فاطمہ نے آزاد تقریبات کی جامع رپورٹ اور مقابلوں کے نتائج پیش کیے۔Program Organised On National Education Day

Etv Bharat
Etv Bharat

لکھنؤ: مولانا آزادکے بغیر بھارتی نظام تعلیم کا تصور نہیں کیا جاسکتا، مولانا نے جو نظام تعلیم وضع کیا تھا، تعلیم کے توسط سے جن اقدار کو فروغ دینے کی کوشش کی تھی اور تعلیمی مالیہ کاری کے لیے جو ضابطے بنائے تھے ان کی افادیت اور اہمیت آج بھی قائم ہے۔ان خیالات کا اظہار روہیل کھنڈ یونی ورسٹی کے سابق وائس چانسلر پروفیسر محمد مزمل نے مولانا آزاد نیشنل اردویونی ورسٹی کے لکھنؤ کیمپس کے زیر اہتمام آج یوم آزاد اور قومی یوم تعلیم کے موقع پر منعقد توسیعی خطبہ کے صدارتی خطاب میں کیا۔National Education day Celebrated in Lucknow

انہوں نے مزید کہا کہ مولانا آزاد نے آرٹس اور سائنس کو یکساں فروغ دینے کی راہیں اس لیے تلاش کی تھیں کہ سائنس جہاں ایجاد وانکشاف کے مادہ کو تحریک دیتی ہے وہیں آرٹس کے مضامین ذہن سازی کا کام کرتے ہیں جو کسی بھی انسانی سماج کی ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔

لکھنؤ یونی ورسٹی میں شعبۂ فلسفہ کے صدرپروفیسر راکیش چندرا نے مولانا آزاد اور بھارتی نظام تعلیم کے موضوع پر توسیعی خطبہ دیتے ہوئے کہا کہ مولانا آزاد کی شخصیت اور ان کی زندگی حوصلہ مندی سے عبارت ہے ۔وہ نہ صرف تعلیمی اداروں کے قیام کے لیے متحرک رہے بلکہ وہ آزادانہ تعلیم کے بھی خواہاں تھے ۔تعلیم ان کی روح کا حصہ تھی ۔انھوں نے کہا کہ مولانا آزاد ایسی تعلیم کے خواہاں تھے جو ذہنی آزادی پر منتج ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کا مقصد محض پڑھے لکھے لوگ پیدا کرنا نہیں ہے بلکہ ایک ایسے سماج کی تشکیل کرناہے جس کے دل میں دوسروں کے لیے درد مندی کا جذبہ ہو۔پروفیسر راکیش چندرا نے اس بات کی تائید میں قدیم دانشوروں اور ماہرین تعلیم کے اقوال بھی پیش کیے۔توسیعی خطبے کے اختتام پر انھوں نے کہا کہ اگر کسی ملک کے بارے میں جانناچاہیں تو اس کے اعلی تعلیمی نظام اور اس کے اداروں کو دیکھنا چاہیے ۔یہ محض ترقی کا ز ینہ نہیں بلکہ تہذیب و تاریخ کا اعلامیہ بھی ۔

کیمپس کی انچارج ڈاکٹر ہما یعقوب نے کہا کہ مولانا آزاد جیسی جامع الکمال شخصیت صدیوں میں پیدا ہوتی ہے ۔پہلے وزیر تعلم کے طورپر مولانا آزاد کی خدمات بے مثال ہیں ۔انھوں نے شیخ الجامعہ کا خاص طورپر شکریہ ادا کیا کہ ان کے سرگرم تعاون سے اس قدر اہم پروگراموں کا انعقاد ممکن ہوسکا۔ اس موقع پر کیمپس کی انچارج نے مختلف مقابلوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کو بھی مبارک باد پیش کی ۔

آزاد ڈے پروگرام کی کنوینر ڈاکٹر نور فاطمہ نے آزاد تقریبات کی جامع رپورٹ اور مقابلوں کے نتائج پیش کیے نیزشکریہ کے کلمات بھی ادا کیے۔مریم بانو نے قرآن پاک کی تلاوت اور ترجمہ پیش کیا۔جبکہ کیمپس کے طلبہ نے یونی ورسٹی کا ترانہ پیش کیا ۔اس موقع پر ڈاکٹر سرفراز احمد خاں،ڈاکٹر نور فاطمہ اور ڈاکٹر بشری نے مہمانوں کو گلدستے پیش کیے۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details