اتر پردیش کے علی گڑھ میں واقع مسلم سوشل اپلفٹ سوسائٹی Muslim Social Upliftment Society ایک غیر سرکاری فلاحی تنظیم ہے۔ اس کا مقصد مسلمانوں کے معاشراتی اور ثقافتی فلاح اور بہبود کے لئے ہرممکن خدمات کرنا ہے۔ اس تنظیم نے باصلاحیت غریب مسلمان طلبا اور طالبات کے لئے مقابلہ جاتی امتحانات کی تیاری کا نظم کیا ہے، جس سے ہزاروں طلبہ و طالبات کو فائدہ ہوا ہے۔
اس تنظیم کی فلاحی سرگرمیوں کا تازہ ترین مظہر 'سلطان جہاں پلک اسکول' کا قیام ہے۔ اس اسکول کا مقصد تعلیمی معیار کو بلند کرنا، نظم و ضبط کو قائم رکھنا، انسانیت کے لیے محبت اور احترام کا درس دینا اور طلبہ و طالبات کی بہترین شخصیت کی تعمیر کرنا ہے۔ اس اسکول کا ایک پہلو یہ بھی ہے کہ یہاں کے طلباء اور طالبات کو مسلم یونیورسٹی اسکول میں داخلہ کے لئے خصوصی طور پر تیاری کرائی جائے گی تاکہ ان کا روشن مستقبل تعمیر ہو۔
یوم دستور Constitution Dayکے موقع پر اسکول انتظامیہ کی جانب سے ایک خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا گیا۔ جس میں اسکول کے سبھی طلباء و طالبات کو ملک کے دستور اور اس کی اہمیت کے بارے میں بتایا گیا، ملک کے دستور میں دیے گئے انسانی حقوق اور اس کی اہمیت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ اس موقع پر طلبہ کو ووٹ کی اہمیت اور ووٹ ڈالنے کا طریقہ بھی بتایا گیا۔
سبھی طلبا نے ایک ایک کر کے ووٹنگ بوتھ پر جا کر اپنے پسندیدہ تصویر پر نشان لگا کر ووٹ ڈالا، اساتذہ کی جانب سے بتایا گیا کہ جب آپ 18 سال کے ہو جاؤ گے تو اسی طرح ووٹ کے ذریعے اپنی پسندیدہ سیاسی جماعت کو چن کر ملک کے بہتر مستقبل کے لیے وزیراعظم اور وزیراعلی کا انتخاب کرو گے، ہر شہری کو ووٹ ڈالنا بہت اہم ہوتا ہے اور یہ ہمارا جمہوری حق ہے۔