آئندہ برس اترپردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے پیش نظر ریاست کی تمام سیاسی پارٹیاں سرگرم ہیں۔ اس دوران کانگریس اب اترپردیش میں بےروزگاری کو ایشو بنا کر لوگوں سے بے روزگاری فارم بھروا رہی ہے اور مسلسل یوگی حکومت کی کمرزور پہلو پر حملہ کر رہی ہے۔
کانگریس کے ریاستی ترجمان سچن راوت کے مطابق ریاستی کانگریس کی جانب سرکاری ملازمتوں میں بھرتی کا عمل ایک سال کے اندر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے اور پارٹی کے کارکنان گھر گھر جاکر کر نوجوانوں سے بے روزگاری کے مسئلہ پر بات کر رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی ایس ایم ایس رجسٹریشن نمبر اور خاندان کی آمدنی سے متعلق سوالات بھی پوچھے جارہے ہیں۔
وہیں کانگریس کے ریاستی ترجمان سچن راوت نے کہا کہ ہم ریاستی حکومت سے ہر ضلع میں صنعتیں کھولنے اور روزگار کی ضمانت دینے کا مطالبہ کر رہے ہیں اور ملازمت نہ ہونے کی صورت میں بے روزگاری بھتہ دینے کی بھی مانگ کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کو یہ بتانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یہ حکومت افتتاح اور سنگ بنیاد سے آگے کچھ نہیں سوچتی ہے۔