وارانسی:وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو اپنے پارلیمانی حلقہ وارانسی کے ایک روزہ دورے پر پہنچے جہاں وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور گورنر آنندی بین پٹیل نے ان کا استقبال کیا۔ مودی عوامی سہولت سے متعلق 28 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس میں جل کل محکمہ کا انتہائی اہم سولر پاور پروجیکٹ بھی شامل ہے۔ یومیہ 2 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کے حامل اس منصوبے سے جل کل محکمہ کا بجلی کا بل 30 فیصد کم ہوجائے گا۔ وزیر اعظم رودراکش کنونشن سینٹر میں 'ون ورلڈ ٹی بی سمٹ' سے خطاب کریں گے۔ بعد میں سمپورنانند سنسکرت یونیورسٹی گراؤنڈ میں 1780 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
مودی وارانسی کینٹ اسٹیشن سے گودولیا تک پیسنجر روپ وے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس پروجیکٹ کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 645 کروڑ روپے ہے۔ پانچ اسٹیشنوں پر مشتمل یہ روپ وے سسٹم 3.75 کلومیٹر طویل ہوگا۔ پی ایم نمامی گنگے اسکیم کے تحت بھگوان پور میں 55 ایم ایل ڈی صلاحیت کے سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ پلانٹ 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا۔ وزیر اعظم کھیلو انڈیا اسکیم کے تحت سگرا اسٹیڈیم کے دوبارہ ترقی کے کام کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔